وڈھ ( مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ وڈھ وہیر سے گزشتہ روز اغوا ہونے والے عبدالعزیز کو بحفاظت بازیاب کر الیا گیا۔ واضح رہے کہ عبدالعزیز نامی شخص کو گزشتہ روز وہیر سے اغوا کر لیا گیا تھا، جس کے بعد مغوی کے ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے شال -کراچی قومی شاہراہ کو وہیر کے مقام پر بند کر دیا تھا۔
احتجاج کی وجہ سے شاہرا پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل ہو گئی تھی۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے وڈھ انتظامیہ نے فوری طور پر مغوی کے ورثاء سے مذاکرات کا آغاز کیا۔ مذاکرات کئی گھنٹے جاری رہے، جس میں انتظامیہ نے ورثاء کو عبدالعزیز کی بحفاظت بازیابی کی یقین دہانی کروائی۔
انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد، ورثاء نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا اور شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ۔ بعد ازاں، لیویز فورس نے مغوی عبدالعزیز کو بازیاب کروا لیا۔ بازیابی کے بعد عبدالعزیز کو ان کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔