تربت(پریس ریلیز)حق دو تحریک بلوچستان(کیچ) نے ایک پریس ریلیز بیان میں عبدوئی بارڈر کی ماسٹر لسٹ سے متعدد گاڑیوں کے نام بلاک کیے جانے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے نام مختلف حیلے بہانوں، خصوصاً "انڈر ایج" اور سیاسی انتقامی بنیادوں پر نکالے گئے ہیں، جو کہ ان غریب محنت کشوں کے ساتھ بدترین ناانصافی ہے جن کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ یہی بارڈر ٹریڈ ہے۔
تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کیچ متاثرہ گاڑی مالکان کی معاشی حالت، علاقائی پسماندگی اور بنیادی انسانی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر ان کے نام ماسٹر لسٹ میں بحال کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ افراد ایک سال سے زائد عرصے سے معاشی ناکہ بندی کا شکار ہیں، اور ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ چکی ہے۔
حق دو تحریک نے الزام لگایا کہ اس سنگین صورتحال پر ضلعی انتظامیہ اور عسکری حکام کو کئی بار آگاہ کیا گیا، مگر ہر بار صرف طفل تسلیوں پر ٹال دیا گیا اور کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
تنظیم نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ ہوا تو وہ پُرامن جمہوری جدوجہد، احتجاجی مظاہروں، دھرنوں اور دیگر مزاحمتی اقدامات کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
حق دو تحریک نے مطالبہ کیا کہ "انڈر ایج" اور سیاسی بنیادوں پر خارج کیے گئے تمام ناموں کو فوراً ماسٹر لسٹ میں بحال کیا جائے تاکہ ان محنت کشوں کی روزی روٹی دوبارہ بحال ہو سکے۔