تربت بی این پی عوامی جانب سے ورکرز کنونشن کا کامیاب انعقاد کیا گیا



 تربت (ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے زیر اہتمام تربت میں ضلعی ورکرز کنونشن کا کامیاب؛ انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کارکنوں نے سیکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔

ورکرز کنونشن سے مرکزی نائب صدر ظریف زدگ بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی عوامی کی تاریخ دراصل مزاحمت کی تاریخ ہے۔ اس جماعت نے ہمیشہ بلوچ قوم کے خلاف ریاستی پالیسیوں، قومی محرومیوں، اور قبائلی و فرسودہ روایات کے خلاف ڈٹ کر مزاحمت کی ہے۔ یہ وہ جماعت ہے جس نے بلوچ عوام کی آزادی، خودمختاری اور عزتِ نفس کے لیے ہر محاذ پر علمِ بغاوت بلند رکھا۔ اس جدوجہد میں راجی راہشون پارٹی کے قائد میر اسد اللہ بلوچ کا کردار سب سے نمایاں اور روشن رہا ہے۔ ان کا سفر بی ایس او میں قائدانہ کردار سے لے کر ایک قومی سیاسی جماعت کی تشکیل تک، بلوچ سیاسی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔

میر اسد اللہ بلوچ نے بلوچستان کے قومی وسائل، خوبصورت ساحلوں اور وطن کے چپے چپے کے دفاع میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے اپنی جان و مال کو وطن کے تحفظ کے لیے ہر وقت داؤ پر لگایا لیکن کبھی کسی جابر یا غاصب قوت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ آج جب چند نوسرباز اور موقع پرست افراد انہیں ڈرانے یا زیر کرنے کی ناکام کوششیں کرتے ہیں، تو یہ ان کی نادانی ہے۔ وہ نہیں جانتے کہ میر اسد اللہ کوئی فرد نہیں بلکہ ایک فکر کا نام ہے، ایک نظریے کا نام ہے۔ ان کی سوچ اور شعور بلوچ قوم کے گوشے گوشے میں زندہ ہے۔

میر اسد اللہ بلوچ نے ہمیشہ اپنے "راج" یعنی قوم کا درد سر پہ اٹھایا ہے، اور آج یہ راج انہیں اپنے سر کا تاج بنا چکا ہے۔ بلوچ قوم اپنے قائد کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور ان کا ساتھ چھوڑنے والے یا انہیں کمزور سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ان کی یہ سوچ کہ وہ میر صاحب کو جھکا لیں گے، سراسر خام خیالی ہے۔ ایسی کوششیں صرف توانائیوں کا زیاں ہیں۔

وہ لوگ جو کبھی میر اسد اللہ بلوچ کے قافلے کا حصہ تھے اور اب انحراف کر کے یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے کیچ سے بی این پی عوامی کا خاتمہ کر دیا، ان کے لیے آج کا یہ عظیم اجتماع ایک منہ توڑ جواب ہے۔ میر اسد اللہ بلوچ نے محض افراد نہیں بلکہ نظریاتی سیاسی کارکنان کی ایک ایسی کھیپ تیار کی ہے جو کسی شخصیت کی غلامی نہیں کرتے، بلکہ قومی فکر سے بندھے ہوئے ہیں۔ ان کا جوش، جذبہ اور استقلال کسی بھی طوفان کا مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔

آج میں اس عظیم الشان اجتماع کے تمام شرکاء کو دلی مبارکباد دیتا ہوں اور یہ اعلان کرتا ہوں کہ آپ نے آج جھوٹے بتوں کو توڑ دیا ہے۔ آپ نے ثابت کیا ہے کہ سیاسی ورکر نہ کمزور ہوتا ہے، نہ چاپلوس، اور نہ ہی کسی کا تابع۔ بلکہ وہ ایک ایسی قوت ہے جو قوم کی رہنمائی کرتا ہے، اور تاریخ کے دھارے کو موڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بی این پی عوامی نے یہ ثبوت دے دیا ہے۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب آپ کی قوتِ بازو سے بی این پی عوامی بلوچستان کی سب سے بڑی سیاسی طاقت بنے گی اور غاصب قوتوں کو شکست فاش دے گی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post