قلات( بلوچستان ٹوڈے ) منگچر تحصیل مدرسہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد زاکر ولد محمد حنیف قوم دہوار، سکنہ منگچر نامی شخص موقع پر جان بحق ہوگیا ۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب بھاگ شہر میں ناقص نکاسی آب کے باعث سیوریج کا پانی گلیوں میں جمع ہوگیا جس سے پیدا ہونے والے جوہڑ میں مزدور کا چار سالہ اکلوتا بیٹا ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ مذکورہ نالہ کئی ماہ سے زیر تعمیر ہے، جبکہ ٹھیکیدار منصوبہ ادھورا چھوڑ کر غائب ہو چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منصوبے میں چیک اینڈ بیلنس کا فقدان، متعلقہ محکموں اور بلدیاتی نمائندوں کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
شہر کے اہم مقامات اور مذہبی درگاہیں پیر صابر شاہ، حیدر شاہ شہنشاہ اور صوفن شاہ بھی گندے پانی کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔شہری و سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو آئندہ بارشوں میں یہ منصوبہ بڑے سانحے کا باعث بن سکتا ہے۔