مستونگ ( ما نیٹرنگ ڈیسک )لکپاس کے مقام پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے دھرنا کے نزدیک آج ہونے والے خودکش دھماکے کے مقام سے پنجاب کے رہائشی کا شناختی کارڈ ملا ہے. یہ شناختی کارڈ بلوچستان پولیس کے کانسٹیبل اطہر فیاض کا ہے، جن کا مبینہ تعلق سی ٹی ڈی بلوچستان سے بتایا جا رہا ہے۔شناختی کارڈ کوڈ 32103 ، بلوچستان کے سابقہ ضلع اور موجود پنجاب کے ڈیرہ غازی خان کے شہر تونسہ کے نواحی علاقے بستی بزدار کا ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق، اطہر فیاض بلوچستان پولیس کے ہمراہ سی ٹی ڈی میں بھی خدمات انجام دے رہے تھے اور بلوچستان کانسٹبلری ہوسٹل میں رہائش پذیر تھے. تاہم، یہ واضح نہیں کہ برآمد شدہ شناختی کارڈ کا مالک اور خودکش حملہ آور کے درمیان کیا تعلق ہے یا حملہ آور کی اصل شناخت کیا ہے؟
اس کے علاوہ، ایک قابل غور پہلو یہ بھی ہے کہ دھماکے کے مقام سے کئی کلومیٹر کے دائرے میں بلوچستان پولیس کی کوئی موجودگی نہیں ۔ عوامی جلسے کا مرکز لکپاس میں ہے، جبکہ پولیس فورس لکپاس سے دوسری سمت موجود ہے۔مزید معلومات آنا باقی ہیں جبکہ ابتک کوئی سیکورٹی ادارہ مذکورہ خودکش کی لاش وصول کرنے نہیں پہنچا۔