کوئٹہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے بروز ہفتہ 27 جنوری کو منعقدہونے والے جلسہ عام کے موقع پر حکومت نے شال بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
بلوچستان کے نگران کھٹ پتلی وزیر اطلاعات نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کوئٹہ میں اگلے دو ہفتوں کے لیے تھریٹ الرٹس کی وجہ سے کسی بھی عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔ اس حوالے سے بلوچستان بھر میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو عام لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انتخابی جلسوں سمیت کسی بھی اجتماع کے لیے شال میں ڈی سی سے این او سی لینا چاہیے۔
دوسری جانب جلسے میں شرکت کے لئے بلوچستان بھر سے لوگ قافلوں کی شکل میں شال پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
بلوچستان کے سیاسی سماجی حلقے نگراں وزیراطلاعات پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی ایماء پر بلوچ مظاہرین خصوصا بلوچ یکجہتی کمیٹی کے خلاف اقدامات اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے اس دوران بلوچ مظاہرین اور خصوصاً ماہ رنگ بلوچ سے متعلق متعدد پریس کانفرنس کرکے ان کے خلاف پروپیگنڈہ مہم شروع کر رکھاہے ۔