نورخاتون و بچوں کی جبری گمشدگی قابل مذمت ہے ،فوری بازیاب کئے جائیں۔عبدالنبی بنگلزئی



شال : بلوچ قوم دوست رہنماء عبدالنبی بنگلزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ 28 اگست 2023 کو سبی سے آئی ہوئی نورخاتون بلوچ   یونائیٹڈ ہوٹل شال میں اپنے بچوں عبدالغفار اور بیٹی کے ساتھ ٹھری ہوئی تھی کہ انھیں بچوں سمیت غیرآئینی اور غیرقانونی حراست میں لے کر جبری لاپتہ کردیا گیا۔ 


انھوں نے کہا کہ ہم سرکاری اداروں کی اس ناروا کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہیں ، نورخاتون اور ان کے بچوں کو فوری بازیاب کیا جائے۔ 


عبدالنبی بنگلزئی نے کہا ہے کہ جبری گمشدگی انسانیت کے خلاف جرم ہے جس پر ہمیں یکساں غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے انسانی بنیادوں پر اس کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔


انھوں نے کہاہے کہ پاکستانی فورسز نے ایک بیمار خاتون کو ان کے انتہائی کمسن بچوں سمیت جبری لاپتہ کرکے اذیت خانے میں بند کر رکھا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے۔


انھوں نے کہا کہ پاکستان بلوچ قوم کو اپنے شرائط پر اپنے سامنے جھکانے کے لیے اجتماعی سزا کا سہارہ لے رہا ہے۔ بچوں اور خواتین کے اغواء کا قابل نفرت عمل ، پاکستان کے انہی مظالم کا تسلسل ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post