پشین توبہ کاکڑی میں2 ڈیم ٹوٹنے سے تین افراد جاں بحق، دیگر اضلاع میں مکانات منہدم،راستے بند

پشین ، چمن ، شال ،ہرنائی،اوستہ محمد ( ویب ڈیسک ) پشین کے علاقے توبہ کاکڑی میں2 ڈیم ٹوٹنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز مطابق پشین کے نشیبی علاقے سے دو افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں ، جبکہ تیسرے کی تلاش جاری ہے۔ چمن کے پہاڑی علاقوں کی رابطہ سڑکیں تباہ ہونے سے کئی دیہات کا زمینی رابطہ شہر سے منقطع ہوگیا ہے۔ لیویز کنٹرول کے مطابق توبہ اچکزئی میں گزشتہ شام کدنی کے 3 ڈیم ٹوٹنے کے بعد سیلابی صورتحال ہے، توبہ اچکزئی میں دو بندی، کدنی، فراخی، اغبرگ، تاشرباط میں سینکڑوں ایکڑ پر باغات متاثر ہوئے ہیں ۔ جبکہ پل اور رابطہ سڑکیں بہہ جانے سے توبہ اچکزئی کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ ادھر شال سے اطلاع ہے کہ شال زیارت شاہراہ پر 4 پل اور 7 مقامات پر سڑک بہہ گئ ، جس سے ضلع زیارت کا 3 دن سے زمینی رابطہ منقطع ہے، یہی نہیں باب زیارت کے اطراف کئی دیہات کے درجنوں گھر سیلاب میں بہہ گئے ہیں جبکہ زیارت کالج اور فٹبال اسٹیڈیم کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ لیویز کنٹرول کے مطابق درہ کوژک کے پہاڑوں میں ریلوں نے پانی کے قدرتی ذخیرے تباہ کر دیے ہیں، پرانا چمن، توزی اور دیگر دیہات میں پانی کے قدرتی چشمے اور کاریز سسٹم تباہ ہو گئے ہیں ۔ شال کراچی،شال بولان، جیکب آباد شاہراہ کئی مقامات پر بہہ جانے سے بند ہیں ۔ جبکہ دھانا سر میں شال ڈی آئی خان، فورٹ منرو میں شال ڈی جی خان پر شاہراہ بھی بند ہے۔ ضلع ہرنائی کا بھی ایک ہفتے سے زمینی رابطہ منقطع ہے ہرنائی شال ،ہرنائی پنجاب شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے ضلع میں غذائی قلت کا سامنا ہے ۔   اوستہ محمد، دادو فیض آباد کے مقام پر گنداخہ روڈ کو زبردستی کٹ لگایا جس کی وجہ سے گنداخہ، جعفرآباد، جمالی باغ ہیڈ، سبی جدید، گنداخہ، جنگ دوست، باغ ٹیل اور کئی سینکڑوں گوٹھ اوستہ شہر سے کٹ گئے۔ علاقہ مکین غذائی اجناس، خوراک، علاج معالجے سمیت تمام ضروریات زندگی سے محروم ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کا کہناہے کہ گنداخہ شہر میں پینے کے پانی کی بھی شدید قلت ہو گئی ہے عوام نے ڈپٹی کمشنر پر کڑی نقطہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ با اثر وڈیروں کا خدمت گزار بنے ہوئے ہیں عوام سے ان کو کوئی سروکار نہیں ہے اس ڈی سی سے کوئی امید کی توقع نہیں ہے اس کے فوری تبادلے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post