حب(نامہ نگار )حب دو مختلف سڑک حادثات میں 3افراد جاں بحق ایک زخمی جبکہ مغربی بائی پاس سے کئی روزہ پْرانی نعش برآمد شناخت نہ ہوسکی،جاں بحق افراد کا تعلق حب اور کراچی سے تھا تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز حب پل اور سندھ بلوچستان سنگم موچکو پولیس چیک پوسٹ کے قریب دو مختلف حادثات میں 3افراد جاں بحق ہو گئے حادثات کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ موچکو پولیس چیک پوسٹ کے قریب حب کے رہائشی تین افراد مزدور منظور احمد،سراج الدین اور عامر بخش ایک موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ انہیں ایک 10ویلر ٹرک نے کچل دیا جس کے نتیجے میں 25سالہ سراج الدین خان اور30عامر بخش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ انکا تیسرا ساتھی 21سالہ منظور احمد شدید زخمی ہو گیا زخمی اور نعشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا واضح رہے کہ موچکو پولیس چیک پوسٹ حب اور کراچی میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو پولیس اہلکاروں اور انکے نجی کارندوں کے ذریعے چیک پوسٹ پر زبردستی روک کر بھتہ وصول کیا جاتا ہے جسکی وجہ سے اکثر گاڑی والے کوشش کرتے ہیں کہ سائیڈ سے تیز رفتاری میں نکل جائیں جسکے نتیجے میں اکثر و بیشتر حادثات ہوتے ہیں دوسرا حادثہ حب پل پر رونما ہو اجس میں ٹرک اور سوزوکی وین کے مابین تصادم کے نتیجے میں کراچی بوہرہ پیر رنچھو لین کا رہائشی 50سالہ نثار احمد ولد چھوٹے خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا مزید برآں جمعہ کے روز حب صدر تھانہ کی حدود میں مغربی بائی پاس پر گندہ بو پہاڑی کے عقبی سمت سے پولیس اور ایدھی ریسکیو ٹیم نے کئی روزہ پْرانی ایک شخص کی نعش برآمد کر کے اسپتال منتقل کی ہے پولیس اور ایدھی ریسیکو ذرائع کے مطابق نعش کافی دن پرْانی ہونے کی وجہ سے شناخت نہ ہو سکی