نیپال میں گزشتہ روز لاپتا ہونے والے طیارے کا ملبہ مل گیا جس میں سے 14 افراد کی لاشیں بھی ملی ہیں۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال کی سرچنگ ٹیموں اور ریسکیو حکام نے اتوار کے روز لاپتا ہونے والے طیارے کے ملبے کے مقام کی نشاندہی کی ہے جہاں ایک پہاڑ پر طیارے کا ملبہ موجود ہے۔فوجی عہدیدار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس مقام کی تصاویر جاری کیں جہاں جہاز کا ملبہ موجود ہے جس سے ظاہر ہوتا ہےکہ جہاز پہاڑ پر گر کر تباہ ہوا جب کہ جہاز کے پروں پر سبز رنگ سے لکھا اس کا نمبر 9NAET نظر آرہا ہے۔فوج عہدیدار بریگیڈیئر ناراین سلوال نے کہا کہ جہاز ضلع موستانگ کے پہاڑی علاقے جوم سوم میں تباہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ مقامی پولیس اور دیگر افراد پہلے ہی اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جب کہ دیگر ریسکیو اور تحقیقاتی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ رہی ہیں۔مقامی خبر ایجنسی کےمطابق حادثے کے مقام سے 14 مسافروں کی نعشیں ملی ہیں۔واضح رہےکہ سینٹرل نیپال سے اڑان بھرنے والے اس نجی طیارے میں 22 مسافر سوار تھے جس نے صبح دس بجے کے قریب اپنی پرواز شروع کی اور کچھ دیر بعد لاپتا ہوگیا، طیارے میں 19 مسافر اور عملے کے 3 ارکان سمیت 22 افراد سوار تھے