کابل: افغانستان کے صوبوں ہرات اور ہلمند میں ہونے والے 2 بم دھماکوں میں 6 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے شہر ہرات کے میدان میں اس وقت دو بم دھماکے ہوئے جب وہاں نوجوان اور بچے کھیل رہے تھے۔ میدان میں دو بم اور بھی نصب تھے جنھیں بم ڈسپوزل کے عملے نے ناکارہ بنادیا۔
ہرات میں بہ یک وقت ہونے والے 2 بم دھماکوں میں ایک بچہ اور 5 نوجوان جاں بحق ہوگئے جب کہ 3 لڑکے شدید زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔جنوبی صوبے ہلمند میں بھی کھیل کے ایک میدان میں مارٹر گولہ پڑا تھا جسے ناکارہ سمجھ کر بچے کھیل رہے تھے اور اسی دوران گولہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔
طالبان اہلکاروں نے دونوں واقعات کے بعد جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ہرات میں پھٹنے والے بم بارودی سرنگ تھیں جو زیر زمین بچھائی گئی تھی۔خیال رہے کہ دہائیوں سے جنگ زدہ ملک افغانستان میں زیر زمین بارودی سرنگوں کا جال بچھا ہوا ہے جن کا شکار عمومی طور پر بچے ہوجاتے ہیں جو کھیل کے دوران وہاں پہنچ جاتے ہیں۔
Share