علی زیدی کی لاپتا افراد کے مسئلے پر سیاسی طنز کیلئے استعمال الفاظ پر معافی 7

اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے لاپتا افراد کے مسئلے کو سیاسی طنز کے لیے استعمال کرنے پر معافی مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نے مریم نواز اور حمزہ شہباز کی ایک تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاپتا افراد کے اہلِ خانہ ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر۔مذکورہ تصویر مسلم لیگ (ن) کی لاہور سے اسلام آباد کےلئے نکلنے والی ریلی کی تھی جس میں مریم نواز ہاتھ میں نواز شریف کی تصویر تھامے حمزہ شہباز کے ہمراہ ایک ٹرک پر سوار نظر آرہی تھیں۔لاپتا افراد جیسے سنجیدہ مسئلے کو بطور طنز استعمال کرنے پر وفاقی وزیر کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ان ہی کی ساتھی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے علی زیدی کو مخاطب کیے بغیر ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان میں لاپتا افراد کا مسئلہ سنجیدہ اور دلخراش ہے کوئی مذاق نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ جبری گمشدگی کی مخالفت کی ہے، جبری گمشدگی کو جرم قرار دینے سے متعلق ہماری حکومت کا بل منظوری کے حتمی مرحلے میں ہے۔علی زیدی کی ٹوئٹ کو کوٹ کر کے معروف سوشل ایکٹویسٹ جبران ناصر نے کہا کہ حکمران جماعت فطرتاً جگت باز صحیح مگر جبری گمشدگیوں کے متاثرین کا غم کوئی لطیفہ نہیں۔ نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے والد نے بھی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ صرف وہ افراد لاپتا افراد کے خاندانوں کا مذاق اڑا سکتے ہیں جن کے ضمیر لاپتا ہیں۔بعد ازاں علی زیدی نے اپنی ٹوئٹ میں معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر میری پوسٹ سے جبری گمشدگی کے شکار کسی فرد کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں کسی کو غیر قانونی حراست میں نہیں لیا گیا بلکہ میں نے خود گزشتہ ادوارِ حکومت میں لاپتا ہوجانے 100 سے زائد افراد کو بازیاب کرانے میں مدد دی تھی۔انہوں نے وزارت انسانی حقوق کو ٹیگ کر کے کہا کہ وزارت اس غیر قانونی عمل کے خلاف قانون سازی کررہی ہے۔ Share this:

Post a Comment

Previous Post Next Post