کوئٹہ ایک شخص قتل لواحقین نے شاہراہ بلاک کردیا پسنی سے دو نامعلوم افراد کی نعشیں برآمد، پنجگور میں فائرنگ سے تین افراد زخمی،قلات لائن مین ھلاک

 


کوئٹہ( نامہ نگار )شال قمبرانی روڈ پر فائرنگ سے جاں بحق شخص کا معاملہ، لواحقین کا احتجاج، پسنی سے دو نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد  جبکہ پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔قلات میں لائن مین کرنٹ لگنے سے ھلاک ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق
​شال کے علاقے قمبرانی روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے بعد لواحقین نے انصاف کی فراہمی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
علاوہ ازیں پسنی کے علاقے چکلی سے دو نامعلوم افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
دوسری جانب ضلع پنجگور کے علاقے اسٹار چوک تسپ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار حمزہ ولد حاجی حبیب، توصیف ولد امتیاز اور دیدگ ولد بشیر احمد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں، تاہم واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔


دریں اثناء

قلات محلہ گوم میں بجلی کے کھمبے پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے کیسکو اہلکار حاجی رحمت اللہ جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حاجی رحمت اللہ محلہ گوم میں بجلی کے کھمبے پر کام کر رہے تھے کہ اس دوران انہیں بجلی کا کرنٹ لگ گیا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔


Post a Comment

Previous Post Next Post