خاران ( نامہ نگار ) کوئٹہ مرکزی شاہراہ پر برشونکی کے علاقے میں ناکہ بندی کے دوران مسلح افراد کی جانب سے کمشنر رخشان ڈویژن اسد اللہ کاکڑ کو مبینہ طور پر اغوا کرکے اپنے ساتھ لے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اسد اللہ کاکڑ ماضی میں ڈپٹی کمشنر خاران کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں حال ہی میں کمشنر رخشان ڈویژن تعینات کیا گیا تھا۔ وہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے لیے خاران جا رہے تھے کہ اس دوران مبینہ طور پر مسلح افراد نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔
تاہم، واقعے کے حوالے سے تاحال ضلعی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 20 ستمبر کو ڈپٹی کمشنر خاران کو بھی نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے خاران جاتے ہوئے ضلع خاران کے علاقے برشونکی سے اغوا کر لیا تھا۔
اس وقت سرکاری حکام نے بتایا تھا کہ ڈپٹی کمشنر ایک نجی گاڑی میں سفر کر رہے تھے اور ان کے ساتھ تین دیگر افراد بھی موجود تھے، جنہیں بھی اغوا کر لیا گیا تھا۔
اغوا کے تیسرے روز مسلح افراد نے ڈپٹی کمشنر کے ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈ کو رہا کر دیا تھا۔
