تربت ( نامہ نگار) دشت کے علاقے بان بازار کسر میں مسلح افراد نے جمعہ کی رات ایک گھر پر دھاوا بول کر اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا اور گھر میں توڑ پھوڑ کے بعد نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق واقعہ رات تقریباً 3 بجے پیش آیا جب پانچ مسلح افراد سفید رنگ کی کرولا گاڑی میں سوار ہوکر اللہ بخش ولد جمعہ نامی شخص کے گھر میں داخل ہوئے۔ مسلح افراد نے اہلخانہ کو یرغمال بنانے کے بعد گھر کی الماری اور دیگر سامان توڑ پھوڑ دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے خواتین اور بچوں کو ایک کمرے میں بند کرکے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور گالم گلوچ کی جب کہ گھر میں موجود موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان بھی ساتھ لے گئے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے بعد ازاں قریب ہی کھیتی باڑی کے لیے مقیم مری بلوچوں کے ٹھکانے پر حملہ کیا اور انہیں یرغمال بناکر ان سے موبائل فون، نقدی اور ان کے موٹر سائیکل چھین لیے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ روز بھی دشت میں سفید رنگ کی کرولا گاڑی میں سوار مسلح افراد نے ایک تیل بردار گاڑی کو مبینہ طور پر روک کر تیل سمیت لوٹ لیا تھا، جب کہ ڈرائیور اقبال ولد دین محمد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
دشت اور گردونواح میں مبینہ طور پر بڑھتے ہوئے چوری، ڈکیتی اور رہزنی کے واقعات پر علاقہ مکینوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدامنی کی صورت حال اس حد تک پہنچ گئی ہے کہ اب رات گئے گھروں میں داخل ہوکر خواتین اور بچوں کو بھی تشدد اور خوف و ہراس کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اہل علاقہ نے آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ، کمانڈنٹ میرانی ڈیم، کمشنر مکران ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کیچ اور ایس پی کیچ سے مطالبہ کیا ہے کہ دشت میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
