نوشکی ( نامہ نگار) نوشکی میں گزشتہ رات تقریباً 3 بجے نامعلوم مسلح چوروں نے اسلحہ کے زور پر پریس کلب نوشکی کے ممبر صحافی منظور بلوچ کے گھر، واقع کلی محمد حسنی، میں داخل ہوکر اسلحہ کے زور پر انہیں یرغمال بنا لیا اور گھر سے قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
صحافی منظور بلوچ کے مطابق نامعلوم مسلح چوروں نے اسلحہ کے زور پر ان سے سی ڈی 70 یونیک موٹر سائیکل، ماڈل 2022، بیٹری 175 پاور اور بیٹری چارجر چھین لیے اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کے خلاف صحافی منظور بلوچ نے پولیس تھانہ نوشکی میں تحریری درخواست جمع کراتے ہوئے نامعلوم ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی اور مسروقہ سامان کی برآمدگی کا مطالبہ کیا ہے۔
درخواست موصول ہونے کے بعد ایس ایچ او نوشکی نے پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور واقعے سے متعلق شواہد و معلومات اکٹھی کیں۔
