نوشکی ( نامہ نگار) نوشکی شہر میں ایک تشویشناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ہندو تاجر سنتوش کمار پر مبینہ طور پر ہتھوڑے سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق سنتوش کمار اپنی دکان بند کرکے بازار سے ہندو محلہ میں واقع اپنے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کے سر پر ہتھوڑے سے وار کیا۔ حملے کے بعد وہ شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی زخمی کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اس واقعے کے بعد مقامی ہندو برادری میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم حملہ آوروں کی شناخت اور حملے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے۔
ہندو برادری اور شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور اقلیتی برادری کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
