خضدار ( نامہ نگار )خضدار منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے نام پر قائم بعض نجی ڈرگ سینٹرز کے خلاف سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔
متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ ان مراکز میں مریضوں کی بحالی کے بجائے انہیں غیر انسانی سلوک، تشدد اور ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کی زندگی مزید مشکلات سے دوچار ہو جاتی ہے۔
متاثرہ خاندانوں کے مطابق کئی ایسے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں جن میں بحالی مراکز کے اندر مریض جان کی بازی ہار گئے، جس پر شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے پیاروں کو کسی بھی بحالی مرکز میں داخل کرانے سے قبل اس کی ساکھ، رجسٹریشن، سہولیات اور انتظامات کی مکمل جانچ کریں اور دورانِ علاج بھی ان کی باقاعدگی سے خبرگیری کرتے رہیں۔
متاثرہ خاندانوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، آغا شکیل احمد درانی، ایم پی اے خضدار میر یونس عزیز زہری، کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ، ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ بحالی مرکز کے خلاف سامنے آنے والے الزامات کی مکمل اور شفاف انکوائری کرائی جائے، ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور زیرِ علاج مریضوں کے جان و مال اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
