کیچ ( نامہ نگار ) بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں پاکستانی فورسز کی جانب سے آپریشن کی جارہی ہے، اس دوران کوھاڈ میں داد محمد ولد چاکر نامی شخص کے گھروں کو نذرِ آتش کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مذکورہ شخص کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا ہو، بلکہ اس سے قبل بھی ان کے متعدد گھروں پر چھاپے مارے گئے اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے تمپ کے علاقے رودبن میں بھی چھاپوں اور آپریشن کی کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
علاوہ ازیں
اورماڑہ میں ایک مہمان خانہ کے باہر کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا، جس کا تعلق پسنی کے علاقے ماکولہ سے بتایا جاتا ہے۔ یہ واقعہ معروف مذہبی پیشوا سید مہیم جان کی بیٹھک (مہمان خانے) میں پیش آیا۔
ایس ایچ او اورماڑہ بشیر احمد کے مطابق، تحصیل پسنی کے علاقے ماکولہ کا رہائشی راجہ ولد چارشمبے، گزشتہ شب مذہبی پیشوا سید مہیم جان کے مہمان خانے میں آیا تھا اور رات وہیں مقیم تھا۔ علی الصبح جب وہ روانگی کے لیے اپنی موٹر سائیکل اسٹارٹ کرنے لگا، تو اس میں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور پاک بحریہ کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اورماڑہ میں پاکستان نیوی کا ایک بڑا اور اہم نیول بیس بھی موجود ہے۔

