نامعلوم مسلح افراد نے ماری گیس کمپنی کے چھ اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔

 

شاہرگ ( نامہ نگار ) تحصیل شاہرگ کے علاقے زرغون غر، شعبان دلوانی میں نامعلوم مسلح افراد نے ماری گیس کمپنی کے چھ اہلکاروں کو اغوا کر لیا۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مغویوں کی باحفاظت بازیابی کے لیے سرچ اور تفتیشی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق اغوا ہونے والوں میں جلات خان ولد مراد خان، محمد ہاشم ولد حسن خان، کمال خان ولد جمال خان، جہانگیر خان ولد حاجی محمد، محمد عظیم ولد دریا خان اور روزے خان ولد فضل خان شامل ہیں۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مغویوں کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں تیل ، گیس اور دیگر قدرتی وسائل سے منسلک کمپنیوں کو بلوچ مسلح آزادی پسند تنظمیوں کے مہلک حملوں کا سامنا ہے ۔ بلوچ قوم پرستوں کا مؤقف ہے کہ پاکستان دیگر غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ ملکر بلوچ وسائل کی لوٹ کھوسٹ کررہا ہے ۔ مقامی لوگوں کو شکایت ہے کہ یہ کمپنیاں وسائل کی بے دریغ لوٹ مار کررہے ہیں جبکہ مقامی لوگوں کی حق تلفی کی جارہی ہے ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post