گیشکورشدید بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث لاکھوں روپے مالیت کے سولر پینلز تباہ

 


آواران (نامہ نگار )  سب تحصیل گیشکور کے علاقے حاجی پیر محمد بازار اور لعل جان بازار میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث لاکھوں روپے مالیت کے سولر پینلز تباہ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے، جس کے نتیجے میں علاقے میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہو گئی ہے۔
علاقے کے مکینوں کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سولر سسٹم کو پہنچنے والے نقصان کے باعث متعدد واٹر سپلائی منصوبے غیر فعال ہو گئے ہیں، جس سے عوام پینے کے صاف پانی کے لیے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور لوگوں کو دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
مکینوں نے ضلعی انتظامیہ آواران، متعلقہ محکموں اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیں، سولر پینلز کی مرمت یا بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کریں اور متاثرہ عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکام صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری عملی اقدامات کریں گے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post