پنجگور / مستونگ ( نامہ نگار ) بلوچستان کے اضلاع مستونگ اور پنجگور سے تین افراد کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ۔
لاپتہ ہونے والوں کی شناخت زکریا ولد دلمراد، عادل ولد عبدالرشید اور صدیق ولد رسول جان کے ناموں سے ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زکریا کو 21 مارچ کی رات تقریباً دو بجے ضلع مستونگ کے علاقے کلی کاریز سر میں واقع ان کے گھر س پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔
دوسری جانب ضلع پنجگور کے علاقے پروم سے تعلق رکھنے والے صدیق ولد رسول جان کو چند روز قبل کیمپ میں طلب کیا گیا، جہاں پہنچنے کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ اہل خانہ کے مطابق اس واقعے کے بعد سے ان کا بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
جبکہ آج صبح پاکستانی فورسز نے پروم لیگورک سے عادل کو حراست میں لیا ہے جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔
متاثرہ خاندانوں نے تینوں افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ موجود ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے، بصورت دیگر فوری طور پر رہا کیا جائے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا معاملہ گزشتہ کئی برسوں سے ایک اہم انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، جس پر متاثرہ خاندان، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور مختلف سیاسی و سماجی حلقے مسلسل تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔