تمپ ( نامہ نگار ) بھمن، ڈنک، گوکدان، شاہی تمپ اور گردونواح میں گزشتہ عرصے سے نامعلوم افراد کی جانب سے ڈکیتی کی وارداتوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔
تازہ واقعے میں ڈنک کے مقامی نوجوانوں نے مبینہ ڈکیتی کی کوشش کے دوران ایک چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق پکڑے گئے چور کا تعلق نوک آباد سے بتایا جا رہا ہے اور وہ “کرنر” کے نام سے معروف ہے۔ تاہم اس کی شناخت اور الزامات کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔
عوامی حلقوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کو بھی جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ مقامی افراد کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ماضی میں علاقے میں ہونے والی متعدد وارداتوں میں یہی گروہ ملوث رہا ہے، تاہم اس حوالے سے بھی متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے۔
