کراچی ( نامہ۔ گار )
کراچی میں تربت اور گوادر جانے والی مسافر کوچوں کے مالکان کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری ہے۔ بس ٹرانسپورٹرز نے واضح کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ چار روز سے یوسف گوٹھ ٹرمینل پر کوچیں کھڑی ہیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بس ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اقبال شاہ زئی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد احتجاج کا دائرہ اوتھل زیرو پوائنٹ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے مبینہ زیادتیوں کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
کوچ مالکان کے مطابق حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سخت سفری اوقات کے باعث بروقت منزل تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے جب کہ سخت ٹائم ڈرائیورز کو تیز رفتاری پر مجبور کرتی ہے جس سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سفری اوقات میں نرمی کی جائے۔ٹرانسپورٹرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رکھی جائے گی۔ دوسری جانب ہڑتال کے باعث مسافر اور ڈرائیور دونوں شدید پریشانی سے دوچار ہیں، جبکہ کراچی سے تربت اور گوادر کا سفر کرنے والے افراد مشکلات کا شکار ہیں۔
