خضدار ( نامہ نگار ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس خضدار میں پیرا میڈیکل اسٹاف اور ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر رشید احمد کے درمیان پیدا ہونے والی معمولی غلط فہمی کو اعلیٰ سطحی مداخلت کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔ واقعہ کے بعد محکمہ صحت کے ماحول میں کشیدگی بڑھنے کے خدشات موجود تھے، تاہم بروقت اقدامات نے صورتحال کو معمول پر واپس لے آئے۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک وفد، جس میں ڈاکٹر عمر، ڈاکٹر بشیر، ڈاکٹر عبدالمطلب اور ڈاکٹر محمد ادریس شامل تھے، نے فوری طور پر مداخلت کی اور دونوں فریقوں کو اعتماد میں لیا۔ بعد ازاں وفد پیرا میڈیکل نمائندوں کے ہمراہ
ڈاکٹر رشیدکی رہائش گاہ پہنچا، جہاں بلوچی روایات کے مطابق مصالحت کا عمل انجام پایا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فریقین نے باہمی احترام کے ساتھ اپنے اختلافات دور کر لیے۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے اتفاق کیا کہ محکمہ صحت میں پیشہ ورانہ یکجہتی اور تعاون ہی عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا واحد راستہ ہے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے اختلاف کو بات چیت اور باہمی احترام کے ذریعے حل کیا جائے گا تاکہ محکمہ صحت میں ہم آہنگی برقرار رہے اور عوامی خدمت کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔
