حق دو تحریک قوم پرست و جمہوری تحریک ہے، کسی بھی جماعت سے کوئی الحاق یا اتحاد نہیں، حسین واڈیلہ

 


گوادر (بیورو رپورٹ) حق دو تحریک بلوچستان کی سینٹرل کمیٹی کا اجلاس، حق دو تحریک کا کسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اپنی الگ شناخت ہے، قوم پرست جماعتوں کے کسی بھی اتحاد کی حمایت اور حق دو تحریک کے پلیٹ فارم سے منتخب تمام عوامی نمائندوں کو تحریک کے بیانیے اور لائحہ عمل کا پابند کرنے کا فیصلہ۔ حق دو تحریک بلوچستان کی سینٹرل کمیٹی کا ایک اہم اجلاس آر سی ڈی کلب گوادر میں منعقد ہوا جس میں تنظیمی معاملات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے جامع مشاورت کی گئی۔ اجلاس کی صدارت مرکزی چیئرمین واجہ حسین واڈیلہ نے کی جبکہ وائس چیئرمین حاجی ناصر پلیزئی سمیت مرکزیکابینہ اور مرکزی کمیٹی کے اکثریت نے شرکت کی۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ حق دو تحریک بلوچستان ایک قوم پرست و جمہوری تحریک ہے جو الیکشن کمیشن میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہے اور اس کا اپنا مشور، بیانیہ، طریقہ جدوجہد اور اپنی ایک الگ شناخت ہے اس لئے اس تحریک کا جماعت اسلامی سمیت کسی بھی جماعت سے کوئی الحاق یا تعلق نہیں اور نہ ہی جماعت اسلامی سمیت کسی اور جماعت کے کسی پروگرام سے کوئی تعلق ہے جبکہ حق دو تحریک بلوچستان کی اپنی سرگرمیاں اور آئینی ڈھانچہ ہے۔ اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ حق دو تحریک بلوچستان کے پلیٹ فارم اور
ٹکٹ سے منتخب ایک عوامی نمائندے ہیں جن کا کام صوبائی اسمبلی میں حق دو تحریک بلوچستان کے بیانیہ اور بلوچستان کے عوام کے حقوق سے متعلق آواز اٹھانا اور گوادر کے عوام جن کی ووٹوں سے منتخب ہوئے ہیں ان کی بھلائی کے لئے اقدامات اٹھانا ہے اس لئے ان کے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے دیئے گئے کسی بھی بیان یا پروگرام سے حق دو تحریک بلوچستان کا کوئی تعلق نہیں جن میں حالیہ نواب اسلم رئیسانی سے متعلق بیان ہے جس سے حق دو تحریک بلوچستان مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا بلوچ قوم کی بھلائی، ان کے حقوق کے حصول اور جیل میں قید سیاسی
کارکنان کی رہائی کے لئے کسی بھی سیاسی اتحاد کی حق دو تحریک بلوچستان مکمل حمایت کرتی ہے اور عوامی حقوق سے متعلق اپنا جدوجہد بھی جاری رکھے گا۔ بلوچستان کے جتنے منتشر قوم پرست جماعتیں اور تحریکیں ہیں ان کے انضمام و اتحاد کی کوششوں میں حق دو تحریک بلوچستان کا مکمل تعاون ساتھ رہے گا۔ اجلاس میں حق دو تحریک بلوچستان کی فعالیت و جدوجہد سے متعلق منصوبہ بندی، عہدیداران، ذمہ داران و جہدکاران کے ساتھ اہم امور پر نشست، حق دو تحریک بلوچستان کے آئین میں ضروری ترامیم، خواتین کو سیاسی سرگرمیوں میں شامل کرنے، یونٹ سازی و دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دوبارہ ایک
اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ حق دو تحریک بلوچستان کے پلیٹ فارم سے منتخب تمام عوامی نمائندوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے، احتساب اور عوامی خدمت کا لائحہ عمل دینے اور ان پر ان کو پابند کرنے کا بھی اتفاق کیا گیا۔ آخر میں حق دو تحریک بلوچستان اور گوادر عوام کی جانب سے 26 دسمبر کے کریک ڈاﺅن کے بعد قائدین و کارکنان پر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، نواب اسلم رئیسانی، ہمایوں کرد، مشتاق احمد، واجہ اشرف حسین، وکلاءبرادری، ضمانت کے لئے بلاخوف پیش ہونے والے سرکاری ملازمین سمیت تمام سیاسی و غیرسیاسی شخصیات کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post