حب ( نامہ نگار ) پاکستانی فورسز نے حب سے جبری گمشدگی کا شکار خواتین پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا ہے۔
فورسز حکام کے مطابق ایک چھاپے کے دوران حب سے مبینہ خودکش بمبار خیرالنساء سمیت اس کی ایک سہولت کار ہانی کو حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ ایک اور سہولت کار فرید کو بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تجابان سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پاکستانی فورسز کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ افراد خودکش حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھیں، تاہم ان کی گرفتاری کے بعد موجودہ ٹھکانوں کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں ہیں۔
آپ کو علم ہے آج صبح حب چوکی کے علاقے دارو ہوٹل کے قریب پاکستانی فورسز نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر وہاں موجود دو خواتین کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔
حب سے گرفتاری کے بعد جبری گمشدگی کا شکار ہونے والی خواتین کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ ہفتے کی علی الصبح تقریباً تین بجے حب چوک کے علاقے گنجی گھوٹ، دارو ہوٹل کے مقام پر پیش آیا، اہل خانہ کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں 17 سالہ خیرالنساء اور 27 سالہ ہانی شامل ہیں۔
