پنجگور: پاکستانی فورسز کے حمایتی مسلح گروہ کے ہاتھوں ایک شخص اغواء

 


پنجگور ( نامہ نگار ) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک شخص کے اغواء کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

متاثرہ شخص کی شناخت یاسر ولد محمد حسن کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں پنجگور کے علاقے چتکان بازار سے نامعلوم گاڑی سواروں نے اغواء کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

مقامی عینی شاہدین کے مطابق واقعہ دن دیہاڑے چتکان بازار میں پیش آیا، جہاں ایک گاڑی میں سوار افراد یاسر محمد حسین کو اپنے ساتھ لے گئے۔

مقامی ذرائع اس واقعے کو ایک ایسے مسلح گروہ سے جوڑ رہے ہیں جسے بلوچستان میں عمومی طور پر “ڈیتھ اسکواڈ” کہا جاتا ہے۔ قوم پرست حلقوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق “ڈیتھ اسکواڈ” سے مراد وہ مقامی مسلح گروہ ہیں جو ریاستی اداروں کی حمایت سے کام کرتے ہیں اور  سیاسی و سماجی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔ یہ حلقے الزام لگاتے ہیں کہ ایسے گروہ اغواء، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور خوف و ہراس پھیلانے کے واقعات میں کردار ادا کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ گزشتہ دو دہائیوں سے ایک سنگین انسانی حقوق کے بحران کے طور پر زیرِ بحث ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق، سینکڑوں افراد مبینہ طور پر سکیورٹی آپریشنز کے دوران لاپتہ ہوئے، جن میں سے بعض کی لاشیں بعد ازاں برآمد ہونے کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں، جبکہ متعدد افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post