کراچی(ویب ڈیسک)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مشتعل علاقہ مکینوں نے ایک ڈاکو کو کھمبے سے باندھ کر زندہ جلا دیا۔
پیر کو یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مبینہ ڈاکو نے سیکٹر 7-اے میں مزاحمت پر شہری عبدالحسن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
واقعے نے پورے علاقے میں شدید غم و غصہ پیدا کیا، جس کے بعد شہریوں نے مشتعل ہو کر ڈاکو کو پکڑا، تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر آگ لگا دی۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد ڈاکو شعلوں میں گھرا ہوا خود کو کھولنے کی کوشش کرتا رہا۔ آگ کی شدت بڑھنے پر اس نے اپنی جلتی ہوئی قمیض بھی اتار دی، مگر اس کوشش کے باوجود وہ خود کو بچا نہ سکا۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچے اور مٹی ڈال کر آگ پر قابو پایا۔ ڈاکو کو شدید جھلس جانے کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ڈاکو ساجد ولد زرین داد، ڈی سلویٰ ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد کا رہائشی تھا۔
پولیس نے موقع سے شواہد جمع کر لیے ہیں اور واقعے کے ذمہ دار افراد کی نشاندہی کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ جرائم قابلِ مذمت ہیں، مگر قانون ہاتھ میں لینا مزید سنگین نتائج پیدا کر سکتا ہے۔
