بولان ( نامہ نگار ) بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل سنی میں ایک گھر کے اندر بارودی سرنگ پھٹنے سے تین کم سن بچے جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکہ عبدالحئ جتوئی نامی شخص کے گھر میں ہوا ہے۔
قائم مقام ایس پی کچھی جان محمد کھوسہ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم افراد نے دو روز قبل متاثرہ شخص کے گھر کے احاطے میں بارودی مواد نصب کیا تھا۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 13 سے 14 سال عمر کے تین بچے شامل ہیں جن کی شناخت ندیم احمد، سونا خان اور بی بی بختاور کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تین دیگر افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات کا فی الحال تعین نہیں کیا جا سکا، تاہم تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
