زیارت ( نامہ نگار ) زیارت کے نواحی علاقے میں گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے سائٹ فارمین کو اغوا کر لیا، جبکہ قیمتی مشینری اور رہائشی کوارٹرز کو آگ لگا دی۔
عینی شاہدین کے مطابق مسلح حملہ آوروں کی تعداد چار سے پانچ کے درمیان تھی، جو رات گئے کیمپ میں داخل ہوئے انہوں نے عملے کے دیگر افراد کو کمروں میں بند کر دیا اور سائٹ فارمین کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے اس دوران حملہ آوروں نے تعمیراتی مشینری، گاڑیوں اور رہائشی کوارٹرز کو آگ لگا دی جس کے باعث کیمپ میں موجود قیمتی آلات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔
متاثرہ کمپنی کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار لیویز فورس سے سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواستیں کی گئیں لیکن کوئی اہلکار تعینات نہیں کیا گیا، جس کے باعث واقعہ پیش آیا کمپنی انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی اور مغوی کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مغوی کی تلاش جاری ہے۔
