مند میں پچاس سالہ خونی تنازع کا اختتام ، شاہلزئی رِند قبیلے میں صلح، دشمنی دوستی میں بدل گئی

 


تُربَت(نامہ نگار )مند جلال آباد میں شاہلزئی رِند قبیلے کے ایک ہی خاندان کے دو چچازاد بھائیوں، حاجی شفیع محمد شاہلزئی رِند اور شئے محراب شاہلزئی رِند کے درمیان پچاس سالہ خونی تنازع بالآخر خوش اسلوبی سے ختم ہوگیا۔ یہ صلح قبائلی بزرگوں اور معززین کی کوششوں اور باہمی رضامندی سے ممکن ہوئی۔
صلح کے اس تاریخی موقع پر شئے موسیٰ اور شئے عبد الکریم کی انتھک جدوجہد کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جنہوں نے برسوں پر محیط دشمنی کو بھائی چارے اور اتحاد میں بدل دیا۔ تقریب میں دونوں فریقین نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر دشمنی کے خاتمے اور دوستی کے آغاز کا اعلان کیا۔
تقریبِ صلح میں نیشنل پارٹی کے رہنماء میر نیاز کیازئی سمیت علاقے کی سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اس فیصلے کو قبیلہ شاہلزئی رِند میں امن، برداشت اور اتحاد کی ایک تاریخی مثال قرار دیا۔
یہ صلح نہ صرف دو خاندانوں کے درمیان برسوں کی دشمنی کے خاتمے کا سبب بنی، بلکہ علاقے میں امن و بھائی چارے کے نئے دور کا آغاز بھی قرار دی جارہی ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post