کوئٹہ( بلوچستان ٹوڈے )چند روز قبل نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری حماد خان کے قتل کا معمہ حل ہو گیا پولیس کے مطابق واقعہ دراصل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل تھا، جس میں مقتول کی اہلیہ نے اپنے سابق عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کروایا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق حماد خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ رشتہ داروں کی شادی سے واپس آ رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا۔ محلہ داروں نے فوری طور پر انہیں گاڑی میں ڈال کر سول ہسپتال منتقل کیا، مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ راستے میں ہی جاں بحق ہو گئے۔
مقتول کے بھائی زرک خان کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 162/25 تحت دفعات 302، 427 اور 34 ت پ درج کر کے کیس کو سیریس کرائم انویسٹی گیشن منتقل کر دیا گیا۔
ایس ایس پی عمران قریشی کی ہدایت پر خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے کرائم سین یونٹ کو جائے وقوعہ بھیج کر شواہد اکٹھے کیے۔ تفتیش کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی جب مقتول کی اہلیہ نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے سابق عاشق کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی تھی اور فون کے ذریعے اسے وقتاً فوقتاً اطلاع دیتی رہی۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور CCTV فوٹیج کی مدد سے ملزمہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کر لیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے حساس معاملات میں کسی بھی معلومات کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔
