کوئٹہ اسکول استانی کے قاتل گرفتار

 


کوئٹہ ( نامہ نگار ) سیریس کرائم انویسٹی گیشن وِنگ کی بڑی کارروائی، منوجان روڈ پر خاتون ٹیچر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار۔

سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ (C.I.W) کوئٹہ نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے 16 اکتوبر کو تھانہ صدر کی حدود میں پیش آنے والے قتل کی سنگین واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعہ میں ایک خاتون ٹیچر کو منوجان روڈ پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔
مذکورہ قتل کا مقدمہ نمبر 207/25، دفعات 302، 324 اور 34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت تھانہ صدر میں درج کیا گیا۔ کیس کی حساس نوعیت کے پیشِ نظر ایس ایس پی سی آئی ڈبلیو عمران قریشی کی ہدایت پر واقعے کی تفتیش ہومیسائیڈ یونٹ کے سپرد کی گئی۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے جدید سائنسی تفتیش، ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔
تحقیقات کے دوران ایک کامیاب کارروائی میں مرکزی ملزم *محمد جہانزیب ولد محمد حنیف* سکنہ لہڑی چوک، کلی جیو کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور ہیلمٹ بھی برآمد کر لیے۔ ذرائع کے مطابق، ملزم جہانزیب واردات کے وقت موٹر سائیکل کی پچھلی نشست پر بیٹھا تھا اور اسی نے فائرنگ کی تھی۔ پولیس ترجمان کے مطابق دوسرے ملزم کی شناخت ہو چکی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بروقت اور جدید تفتیشی اقدامات کے باعث یہ اہم پیشرفت ممکن ہوئی، جس سے متاثرہ خاندان کو انصاف کی امید ملی ہے اور قانون کی بالادستی کا مؤثر پیغام گیا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post