مستونگ ( نامہ نگار )
نیشنل پارٹی مستونگ کے ضلعی ترجمان نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں ضلع مستونگ، خصوصاً پڑنگ آباد اور ملحقہ علاقوں میں منشیات فروشی میں روز بروز ہونے والے خطرناک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں منشیات فروش عناصر سرعام اپنے مذموم کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے، بالخصوص متعلقہ تھانہ انتظامیہ، مجرمانہ غفلت اور عدم توجہی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ منشیات کے عادی نوجوانوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اور یہ صورتحال علاقے کے سماجی و اخلاقی ڈھانچے کے لیے انتہائی تباہ کن ثابت ہو رہی ہے۔ نشے کے عادی افراد گلی محلوں میں آزادانہ گھومتے نظر آتے ہیں، جس کے باعث چوری، لوٹ مار اور دیگر جرائم میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔۔۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایچ او تھانہ ولی خان کی کارکردگی صرف چوری شدہ گاڑیاں برآمد کرکےفوٹو سیشن کرنے تک محدود ہے، مگر حیرت انگیز طور پر تھانہ کے عقبی علاقوں میں قائم منشیات کے اڈے اور ان کے سرغنے انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہیں۔۔۔۔نیشنل پارٹی مستونگ نے اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان، ڈپٹی کمشنر مستونگ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایک موثر اور جامع آپریشن کے ذریعے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں، تاکہ مستونگ کو منشیات جیسے ناسور سے پاک کیا جا سکے۔ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل پارٹی معاشرتی بگاڑ، خصوصاً منشیات کے خلاف جدوجہد کو عوامی سطح پر منظم کرے گی تاکہ نوجوان نسل اور مستقبل کے معماروں کو تباہی کے اس راستے سے بچایا جا سکے۔