کوہٹہ (بلوچستان ٹوڈے )قلعہ سیف اللہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کے خلاف ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں پارٹی کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر “لیویز فورس کا انضمام نامنظور” اور “مقامی اداروں کو برقرار رکھا جائے” جیسے نعرے درج تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیویز فورس ایک مقامی اور بااعتماد ادارہ ہے جو طویل عرصے سے قبائلی علاقوں میں امن و امان کے قیام اور مقامی سطح پر انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیویز فورس کا پولیس میں انضمام عوامی امن، ثقافتی خودمختاری اور مقامی شناخت کے خلاف اقدام ہے۔
پارٹی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لیویز فورس کو ختم کرنے کے بجائے اسے مزید مضبوط اور وسائل سے لیس کرے تاکہ یہ ادارہ مؤثر انداز میں اپنی خدمات جاری رکھ سکے۔
احتجاج کے اختتام پر مقررین نے واضح کیا کہ اگر عوامی رائے کے برخلاف فیصلے کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا
