گیس کمپنی کی غفلت اور لوڈشیڈنگ سے پانچ قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں. حکومت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے.. نصراللہ زیرے

 


شال ( پریس ریلیز )
پشتونخواہ نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، پارٹی کے ضلع معاون سیکرٹری امین اللہ کاکڑ، ہدایت اللہ اور دیگر عہدیداران نے مشرقی بائی پاس کاکوزئی ٹائون میں حاجی سردار شاہ کے گھر پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز گیس کمپنی کی غفلت اور اچانک گیس لوڈ شیڈنگ کے باعث پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں پانچ قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں۔ جبکہ متعدد افراد جھلس کر شدید زخمی ہوئے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گیس کمپنی کی غیر ذمہ دارانہ روش، ناقص انتظامات اور اچانک گیس بندش کے سبب یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں بی بی پلوشہ جو سات ماہ کی حاملہ تھیں، عبدالطیف 9 سال ، بی بی کائنات6 سال ، بی بی زہرہ 5 سال اور بی بی حسینہ 2 سال جاں بحق ہوگئے۔ مزید بتایا گیا کہ بی بی صائمہ 11 سال ، بی بی اقرا 3 سال اور بی بی حافظہ 1 سال شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال کوئٹہ میں زیرِ علاج ہیں اور زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ گیس کمپنی کی سنگین غفلت اور ناقص انتظامی کارکردگی نے ایک پورے گھرانے کو تباہی سے دوچار کردیا۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر گیس کمپنی کے ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرے، متاثرہ خاندان کو مالی امداد فراہم کرے۔ اور آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے لوڈ شیڈنگ اور گیس فراہمی کے نظام میں شفاف اصلاحات لائے۔ پارٹی قیادت نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post