تربت ( بلوچستان ٹوڈے )فرینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن کیچ، رجسٹرڈ، کا جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا جس میں درجنوں اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سابقہ کابینہ کو تحلیل کر کے نئی کابینہ کے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا۔
الیکشن کمیشن، جس کی سربراہی ڈاکٹر محب اللہ بلوچ نے کی، نے شفاف اور بروقت الیکشن کا انعقاد کیا۔ صدر اور جنرل سیکریٹری کے عہدوں کے لیے متعدد امیدواروں نے اپنے نام پیش کیے، تاہم بعد ازاں کئی امیدواروں نے دستبرداری اختیار کی۔ نتیجتاً، شے اقبال بلیدی صدر اور نصیر احمد بلوچ جنرل سیکریٹری بلامقابلہ منتخب ہوئے۔
بعد ازاں، نو منتخب صدر اور جنرل سیکریٹری نے کابینہ کا اعلان کیا، جو درج ذیل ہے:
سرپرستِ اعلیٰ: ڈاکٹر افضل بلوچ صدر: شے اقبال بلیدی سینئر نائب صدر: حافظ عبدالباقی،جونیئر نائب صدر: محمد قاسم جنرل سیکریٹری: نصیر احمد بلوچ، ڈپٹی سیکریٹری: ڈاکٹر محمد حیات، پروگرام اسسٹنٹ: الطاف بلوچ، خازن: مجیب الرحمن، انفارمیشن سیکریٹری: ڈاکٹر محسن بالاچ رابطہ سیکریٹری: اسلم قادر
اجلاس کے دوران مختلف اراکین نے فاؤنڈیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔
نئے صدر شے اقبال بلیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فرینڈز ویلفیئر فاؤنڈیشن ایک رجسٹرڈ ادارہ ہے، جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن نے ماضی میں بے گھر افراد کے لیے گھروں کی تعمیر، بے روزگاروں کی مالی معاونت، اور سماجی موضوعات پر لیکچرز و پینل ڈسکشنز کا انعقاد کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ برس گوادر میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران فاؤنڈیشن نے دیگر سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر بھرپور ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لیا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں متاثرین کو امداد فراہم کی گئی۔
آخر میں شرکاء نے فاؤنڈیشن کی نئی کابینہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ادارہ اپنی سماجی خدمات کا سلسلہ مزید موثر انداز میں جاری رکھے گا۔