مستونگ ( نامہ نگار ) بلوچستان کے ضلع مستونگ کی حدود میں ایک پولیس افسر کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس ڈی پی او نوشکی، محمد یوسف ریکی گزشتہ شب نوشکی سے مستونگ کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم راستے میں ان کا رابطہ منقطع ہوگیا اور موبائل فون بھی بند پایا گیا۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد یوسف ریکی کی گمشدگی کے بعد فورسز نے مستونگ کے علاقے کردگاپ اور اطراف میں ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر کارروائی کر رہے ہیں۔علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً متعلقہ اداروں کو دیں۔
