کوئٹہ(ویب ڈیسک )سول ہسپتال کوئٹہ میں کئی روز سے موجود نامعلوم افراد کی بیس لاشوں کو باضابطہ طور پر لاوارث قرار دے کر چھیپا فاؤنڈیشن کی نگرانی میں دشت تیرہ میل کے قبرستان میں امانتاً سپردِ خاک کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ لاشیں مختلف کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تھیں، جن میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملے کے دوران جوابی کارروائی میں مارے گئے مشتبہ افراد، اغبرگ کے علاقے میں ہونے والے آپریشن کے ہلاک شدگان اور دیگر واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد شامل تھے۔
تدفین میں متعلقہ اداروں کے نمائندے اور چھیپا فاؤنڈیشن کے رضاکار موجود تھے۔ تدفین کے عمل کے دوران مذہبی رسومات ادا کی گئیں، جب کہ لاشوں کی شناخت کے لیے ضابطہ جاتی تقاضے پورے کیے جانے کے بعد انہیں امانتاً دفنایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تدفین میں شامل بیس لاشوں میں سے چار لاشیں منگچر سے لائی گئی تھیں، جو حالیہ کارروائیوں کے دوران برآمد ہوئی تھیں۔