کوئٹہ (بلوچستان ٹوڈے ) بلوچستان کے دارالحکومت شال کے مصروف علاقے نواں کلی میں تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار گاڑی اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں میں سوار دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے حادثے کے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نواں کلی جیسے گنجان علاقوں میں ٹریفک کے نظام کو بہتر اور تیز رفتاری پر قابو پانے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے حادثات کا سدباب ہو سکے۔
