بلوچستان کے ہسپتالوں میں 12 ہزار صحت عملے کی حاضریاں اب اے آئی کے ذریعے ریکارڈ

 


کوئٹہ (خ ن )محکمہ صحت بلوچستان نے صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں حاضری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) پر مبنی نیا نظام نافذ کردیا ہے۔ اب تمام صحت عملے کی حاضریاں صرف موبائل ایپلیکیشنز اور اے آئی کیمروں کے ذریعے لی جائیں گی۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس وقت بلوچستان کے مختلف اسپتالوں میں 12 ہزار سے زائد ملازمین کی حاضریاں جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ریکارڈ کی جارہی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کوئٹہ و نصیرآباد، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کوئٹہ کے ڈائریکٹر، جھالاوان، مکران اور لورالائی میڈیکل کالجز کے پرنسپلز، منیجنگ ڈائریکٹر ٹراما سینٹر کوئٹہ اور ڈائریکٹر ریجنل بلڈ سینٹر کوئٹہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام عملے کو فوری طور پر اس نظام پر منتقل کیا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جن ملازمین نے اپنی تصاویر اور پروفائلز اپ لوڈ نہیں کیے یا موبائل ایپ کے ذریعے حاضری درج نہیں کی، ان کی پندرہ (15) دن کی تنخواہ فوری طور پر منقطع کردی جائے گی۔ علاوہ ازیں، جس دن حاضری درج نہیں ہوگی، اُس دن کی تنخواہ بھی کٹ جائے گی۔
محکمہ صحت نے تمام ادارہ جاتی سربراہان کو ہدایت دی ہے کہ وہ پانچ ورکنگ ڈیز کے اندر کٹوتیوں اور اپ ڈیٹ شدہ حاضری کے اعداد و شمار پر مشتمل رپورٹ محکمہ کو جمع کرائیں ،محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق یہ اقدام "ڈیجیٹل ریفارمز انیشی ایٹو" کا حصہ ہے، جس کا مقصد صوبے کے اسپتالوں میں حاضری کے نظام کو شفاف، جدید اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post