بلوچستان پاکستانی فورسز پر بم دھماکہ و مسلح حملہ

 


کیچ ( بلوچستان ٹوڈے ) بلوچستان کے ضلع کیچ، قلات اور مستونگ میں پاکستانی فورسز کو مختلف نوعیت کے حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ مسلح حملے میں معدنیات لیجانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

کیچ کے علاقے تمپ میں نذرآباد کے مقام پر پاکستانی فورسز کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو نامعلوم افراد نے بم دھماکے میں نشانہ بنایا۔ دھماکے میں فورسز کی گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ متعدد اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی شناخت ظفر خان سکنہ میانوالی، پنجاب کے نام سے ہوئی ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق بلوچ مسلح آزادی پسندوں نے علاقے میں شاہراہ پر ناکہ بندی کی تھی کہ فورسز نے پیش قدمی کی کوشش کی اور دھماکے کا نشانہ بنیں تاہم حکام نے اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

بلوچستان میں ایک ہفتے کے دوران پاکستانی فورسز پر بم دھماکوں کا یہ چوتھا واقعہ ہے جس میں فورسز کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دو روز قبل کیچ کے علاقے زامران میں پاکستانی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ اس سے دو روز قبل اسی مقام پر ایک آئی ای ڈی حملے میں فورسز کی ایک اور گاڑی کو تباہ کرکے 7 اہلکاروں کو ہلاک کردیا گیا۔

مذکورہ دونوں بم حملوں کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی جبکہ حملے کی ویڈیو بھی شائع کی گئی۔

آج قلات کے علاقے شیخری اور مورگند کے مقامات پر پاکستانی فورسز کو اس وقت گھات لگائے مسلح افراد نے حملوں میں نشانہ بنایا جب وہ علاقے میں پیش قدمی کررہے تھے تاہم حملے میں نقصانات کے حوالے سے تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوسکی ہے۔

دریں اثناء مستونگ میں مسلح افراد نے معدنیات لیجانے والی ایک گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ کرکے گاڑی کو نقصان پہنچایا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post