مستونگ( نامہ نگار ) مستونگ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی فائرنگ سے زمیاد گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق۔
عوام نے مشتعل ہوکر مرکزی شاہراہ کو احتجاجاً بند کردیا۔
ہسپتال انتظامیہ نے میت کو روڈ تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس فراہم نہیں کی، جس پر لواحقین نے مرحوم کی لاش کو کندھوں پر اٹھا کر روڈ تک پہنچایا۔
واقعہ کے ردعمل میں عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ-کراچی شاہراہ کو میجر چوک کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
مظاہرین نے ایف سی اہلکاروں کے رویے کے خلاف نعرے بازی کی اور واقعے میں ملوث ایف سی کرنل کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔