سانحہ ڈیگاری دھرے قتل کا معاملہ، سردار شیرباز ساتکزئی کو ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی۔

 


کوئٹہ ( نامہ نگار )  ڈیگاری میں قبائلی جرگہ کے دوران غیرت کے نام پر خاتون بانو اور اس کے مبینہ عاشق احسان اللہ کے بہیمانہ قتل کے ہائی پروفائل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے سردار شیرباز خان ساتکزئی کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ کے جسٹس اقبال کاسی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سردار شیرباز ساتکزئی کو 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ ذرائع کے مطابق ضمانت منظور ہونے کے بعد سردار شیرباز خان جلد ہی جیل سے رہائی حاصل کر لیں گے۔ سردار شیر باز ساتکزئی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اِس فیصلہ کے وقت وہ وہاں موجود نہیں تھے اور نہ ہی انھوں نے یہ فیصلہ کروایا۔

آپ کو علم ہے  ڈگاری میں یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایک قبائلی جرگہ کے فیصلے پر خاتون بانو اور اس کے مبینہ عاشق احسان اللہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ اس لرزہ خیز قتل کے بعد مقامی  قومی و بین الاقوامی سطح پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا جبکہ مختلف حلقوں نے اس واقعے کو قبائلی جرگہ کے غلط استعمال اور غیرت کے نام پر قتل کی ایک سنگین مثال قرار دیا تھا۔

قانونی ماہرین کے مطابق سردار شیرباز ساتکزئی کے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخوں میں جاری رہے گی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post