پنجگور ( نامہ نگار ) پنجگور کے علاقے گومازین میں سی پیک روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں مسافر بس اور زامیاد گاڑی میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں متعدد افراد جھلس کر جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کیں اور اب تک کم از کم 7 نعشیں ٹیچنگ اسپتال پنجگور منتقل کردیئے گئے ہیں ۔ لیویز ذرائع کے مطابق زمیاد گاڑی میں مزید لاشیں موجود ہیں جو جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
حادثے کے بعد سی پیک روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ مقامی انتظامیہ اور لیویز فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں میں فوری طور پر آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں مسافر بچ نکلنے میں ناکام رہے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں زیارت میں گزشتہ روز وین کو حادثہ پیش آیا جس میں ایک شخص ھلاک ،متعدد زخمی ہوگئے ۔
بتایا جارہاہے کہ دکی سے کوئٹہ جانے والے مسافر وین پیچی کے قریب کھائی میں گرنے سے چھت پر بیھٹا ایک شخص جان بحق، جبکہ دوسرے شدید زخمی، نعش اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال زیارت منتقل کردیا گیا ۔