بی این پی اور نیشنل پارٹی کے رہنماؤں پر حملہ قابل مذمت ہے، کامریڈ وسیم سفر بلوچ

 


تُربَت ( پریس ریلیز )سماجی رہنما کامریڈ وسیم سفر بلوچ نے اپنے ایک بیان میں سردار اختر جان مینگل کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دل دہلا دینے والا سانحہ کسی بڑے قومی المیے سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں 13 کارکنان کی شہادت اور 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر گہرا دکھ اور افسوس ہے۔ ہم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

کامریڈ وسیم سفر بلوچ نے کہا کہ دشمن عناصر نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بلوچ و پشتون قیادت کو نشانہ بنایا تاکہ بلوچستان کو ایک بار پھر خون میں نہلایا جائے۔ یہ حملہ حکومت بلوچستان کی مکمل ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج صوبے میں کوئی بھی شہری اپنی جان و مال کو محفوظ تصور نہیں کرتا جبکہ حکومت کے نمائندے جھوٹے اور گمراہ کن بیانات کے ذریعے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اگر جلسے کو مؤثر سیکورٹی فراہم کی جاتی تو یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، لیکن صوبائی حکومت صرف سوشل میڈیا بیانات تک محدود ہے جبکہ عوام مسلسل خون اور آگ میں جل رہے ہیں۔

کامریڈ وسیم سفر بلوچ نے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ناکامی اور نااہلی تسلیم کرتے ہوئے فوری طور پر استعفیٰ دیں کیونکہ پیپلز پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد بلوچستان کے حالات پہلے سے بھی زیادہ ابتر ہوچکے ہیں۔


Post a Comment

Previous Post Next Post