کوئٹہ ( نامہ نگار) سوراب کے علاقے جیوا لاکھوریان کے مقام پر کوئٹہ،کراچی قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے متاثرہ افراد معمول کے مطابق کار میں سفر کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق، کار پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے اطلاع ملنے پر لیویز فورس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لیا اور سول اسپتال سوراب منتقل کر دیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت رسول بخش ولد عبدالنبی، قوم زہری، عمر تقریباً 45 سال، سکنہ محلہ جیوا، تحصیل مہر آباد، ضلع سوراب، اور طالب علی ولد رحیم بخش، عمر 25 سال، سکنہ جیوا، لاکھوریان کے طور پر کی گئی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
اس طرح بختیارآباد بختیارآباد کے قریب گوٹھ لوہی بھنڈ میں ایک شخص قتل، ملزم موقع واردات سے فرار۔
مقتول کی شناخت علی بابا ولد صحبت خان قوم مغیری کے نام سے ہواہے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس بختیارآباد موقع پر پہنچ گئی۔
نعش ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔
قتل کی وجہ آپسی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہاہے، ملزم کی گرفتاری کےلیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
علاوہ ازیں قلعہ عبداللہ کلی حبیب زئی میں نامعلوم چوروں کی فائرنگ سے دو بہنیں شدید زخمی ہوگئیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق زخمی لڑکیوں کی شناخت آسماء بی بی اور ثناء بی بی کے نام سے ہوئی ہے جو عبدالعلیم کی بیٹیاں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسماء بی بی کی عمر 14 سال جبکہ ثناء بی بی کی عمر 12 سال ہے۔ دونوں کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر ٹراما سینٹر میزئی اڈہ منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ لیویز فورس موقع پر پہنچ کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
دریں اثناء جیکب آباد سے گنداواہ آنے والی مسافر ویگن لوٹ لی گئی۔
جھل مگسی لیویز باغ چوکی کے قریب مسلح افراد کی واردات دوران
مسافروں سے نقدی، موبائل فون اور قیمتی سامان چھین لیا گیا۔
مسلح افراد کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔