پنجگور (نامہ نگار ) انجمن تاجران پنجگور ترازو پینل کے سینئر ممبران کی موجودگی میں تاجر برادری کی مشکلات اور بازار کی مخدوش صورتحال کے حوالے سے ایک اہم بیٹھک پنجگور میں منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں حاجی لشکری، حاجی خلیل دھانی، حاجی سمیع اللّٰہ بلوچ، حاجی مجیب الرحمٰن اور حاجی نورانی دھانی سمیت متعدد تاجر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں دکانداروں نے اپنے شدید خدشات اور مشکلات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کیسکو حکام ان کی دکانوں پر لگے بجلی کے تار اُکھاڑ کر اپنے ساتھ لے جارہے ہیں، جبکہ کئی دکانوں کے میٹر بھی بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اُٹھا لیے گئے ہیں۔ دکانداروں نے کہا کہ ہم ہر ماہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے، جبکہ انجمن تاجران کو تاجر برادری کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔
تاجروں نے انجمن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور امن و امان جیسے سنگین معاملات پر انجمن خوابِ خرگوش کے مزے لے رہی ہے اور بازار کے اصل مسائل سے لاتعلق ہوچکی ہے۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ اگر کسی علاقے کے لوگ بل ادا نہیں کر رہے تو یہ ان کا مسئلہ ہے، ہم تو پابندی کے ساتھ بل ادا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ہماری دکانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
تاجر رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انجمن تاجران بازار میں موجود نہیں بلکہ کہیں اور بھاگ گئی ہے، اور دکاندار اپنے مسائل میں تنہا ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کیسکو کی یہ روش جاری رہی تو تاجر برادری جلد اپنا لائحہ عمل طے کرے گی، جس میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور سڑکوں کی بندش جیسے سخت اقدامات بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
اجلاس کے آخر میں تاجر برادری نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اگر ان کے مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو آئندہ دنوں میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور انجمن تاجران پر عائد ہوگی۔