قلات ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پندران یونین کونسل میں سوموار کے روز ہونے والی شدید طوفانی بارشوں نے علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی، جس کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات، اسکولز اور دیگر تعمیرات شدید متاثر ہوئیں۔ سیلاب کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ گورنمنٹ بوائز اور گرلز اسکولوں کو بھی تباہ کن نقصان پہنچا ہے۔
قلات سے پندران نیچارہ، لہڑ، امیری کھڈی کو جانے والے واحد راستے جرگہ کے مقام پر سیلابی ریلے سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی افراد اور مسافروں نے رابطہ سڑک کی فوری صفائی و بحالی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ علاقے کی زندگی کو معمول پر لایا جا سکے۔
سردار عزت خان پندرانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "سیلاب کے پانی نے ہمیں بے حد مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ علاقے میں فوری ریلیف کی ضرورت ہے، اور ہم ڈپٹی کمشنر قلات و دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کریں اور نقصانات کا جائزہ لے کر فوری امدادی کارروائیاں شروع کریں۔
رابطہ سڑکوں کی بحالی اور علاقے میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے گریڈر اور دیگر مشینری کی فوری تعیناتی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے، تاکہ علاقے کی معیشت اور روزمرہ کی زندگی کو دوبارہ بحال کیا جا سکے۔۔۔۔
